بنگلورو،17؍اگست(ایس او نیوز) ریاستی ساحلی اور ملناڈ علاقوں میں جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے ہورہی تباہی اور اس سے نپٹنے کے لئے ضلع اور ریاستی انتظامیہ کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کا آج وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے چیف سکریٹری ٹی ایم وجئے بھاسکر کے ہمراہ جائزہ لیا۔
کورگ ضلع میں سیلاب اور جابجا زمین کھسکنے کے واقعات کی وجہ سے یہاں پر پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کے لئے ریاستی حکومت نے پہلے ہی فوج طلب کرلی ہے۔ فوج کی طرف سے ان علاقوں میں راحت رسانی کا کام جنگی پیمانے پر شروع کردیا گیا ہے۔ متاثرین کی مدد کے لئے قومی آفات نگرانی فورس فائر فورس ، کوئیک رسپانس ٹیم وغیرہ کی ٹیمیں کورگ اور آس پاس کے علاقوں میں تعینات کردی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے ضلع انچارج وزیر سارا مہیش کو ہدایت دی ہے کہ ضلع میں رہ کر ہی وہ تباہی سے نپٹنے کے لئے انتظامیہ کے اقدامات کی نگرانی کریں اور مسلسل انہیں راحت کاری کے پیش رفت کے متعلق جانکاری دیتے رہیں۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کا حصہ ضلع کے انچارج سکریٹری کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ ضلع میں رہ کر متاثرہ لوگوں کی مدد کے لئے ڈپٹی کمشنر ،ضلع پنچایت چیف ایگزی کیٹیو افسر اور دیگر ماتحتوں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں۔ وزیر اعلیٰ کل ہی واضح کردیا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی مدد کے لئے حکومت کے پاس فنڈز کی کوئی قلت نہیں ہے، پڑوسی ریاست کیرلا میں موسلادھار بارش اور یہاں کے سبھی دریاؤں میں پانی خطرے کے نشان سے اوپر بہنے کے سبب یہاں کے دریاؤں کا پانی کرناٹک کے آبی ذخائر کی طرف بہادیا گیا جس کی وجہ سے مرکیرہ ، کورگ ، سوموار پیٹ، ویراج پیٹ، کشال نگر ، اور آس پاس کے علاقوں میں کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، اور یہاں کے گھاٹ سیکشن کی ڈھلانوں کے کھسک جانے کی وجہ سے ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔
کیرلا کے وائناڈ ، تملناڈو کے مدوملائی ،کرناٹک کے بنڈی پور جنگلوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں درخت اکھڑگئے ہیں۔ ننجنگڈھ اور گنڈل پیٹ میں کاویری کا پانی شہر میں گھس جانے کی وجہ سے کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ میسور ضلع انتظامیہ کی طرف سے ان علاقوں میں راحت کاری کا کام جاری ہے جبکہ منڈیا ضلع کے سری رنگا پٹن ، پانڈو پور، رنگا ٹٹو وغیرہ علاقوں میں کاویری میں طغیانی کے سبب کئی علاقے احتیاطی طور پر خالی کرادئے گئے ہیں۔ عالمی شہرت یافتہ رنگانا ٹٹو برڈ سیانچوری پوری طرح غرق ہوچکی ہے اور یہاں پر مختلف ممالک سے نقل مکانی کرنے والے پرندے خطرے میں نظر آرہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے ریاست میں بارش کی تباہی سے نپٹنے کے لئے ہر ممکن مدد دینے ضلعی انتظامیہ کو یقینی دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے، انتظامیہ یہ یقینی بنائے کہ عوام کو کوئی پریشانی اٹھانی نہ پڑے۔